ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / کرناٹک حجاب معاملہ؛ کیا ریاستی سرکار کا بدل گیا رُخ ؟ کہا؛ ڈگری کالجوں میں طلبہ پہن سکتے ہیں اپنا من پسند لباس

کرناٹک حجاب معاملہ؛ کیا ریاستی سرکار کا بدل گیا رُخ ؟ کہا؛ ڈگری کالجوں میں طلبہ پہن سکتے ہیں اپنا من پسند لباس

Tue, 15 Feb 2022 19:00:00    S.O. News Service

بنگلور:15؍ فروری (ایس اؤ نیوز) ڈگری کالجوں میں  طلبہ کے لئے کوئی یونیفارم  نہیں ہے اور کل یعنی 16فروری سے ڈگری کالجوں کو شروع کرنے کےلئے حکومت پابند ہے۔ اس بات کی اطلاع  ریاستی کابینہ وزیر برائے اعلیٰ تعلیم ڈاکٹر سی این اشوتھ نارائن نے دی۔

اشوتھ نارائن نے  اخبارنویسوں کو بتایا کہ  سرکاری تعلیمی اداروں میں  طلبہ کو اپنے پسند کے کپڑے پہن کر جانے کی آزادی ہے، لیکن طلبہ کو چاہئے کہ وہ اس کا غلط استعمال نہ کریں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہم اس کا غلط استعمال کرنے بھی نہیں دیں گے۔ اُن کا اشارہ  غالباً یہ تھا کہ طالبات حجاب کےساتھ ڈگری  کالج جاسکیں گی، لیکن  کیسری شال  ڈال کر اس کے غلط استعمال کا موقع نہیں دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ  اسکول اور پی یو کالجوں میں یونیفارم لازمی ہےاس لئے وہاں اصول کے مطابق ہی آنا ہوگا۔ حجاب کے لئے وہاں کوئی موقع نہیں دیا جائے گا، البتہ ڈگری کالج میں طلبہ کے لئے کوئی یونیفارم نہیں ہوگا۔

وزیر نے کہاکہ بدھ سے کالجوں کی شروعات ہورہی ہے۔ کالجوں میں باہر سے آنے والوں کو کسی حال  میں بھی (شرارت کا) موقع نہیں دیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ طلبا کسی بھی واقعہ کو موقع نہ دیں ، بھائی چارگی کے ساتھ کالجوں میں حاضری دیں۔ حجاب اور کیسری شال پر جاری بحث کے متعلق وزیر نےکہاکہ یہاں  حجاب اور کیسری شال کی حمایت یا مخالفت کی بات نہیں ہے،  عدالت نے حکم دیا ہے کہ سب کو قانون کی پاسداری کرنی ہوگی  اور ہم سب اس کے پابند  ہیں۔

کنداپور کی   ایک پرائیویٹ کالج کے  طالب علم نے ساحل آن لائن سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اُن کی کالج میں  ڈگری کی طالبات کو بھی  حجاب نکالنے اصرار کیا گیا تھا اور باحجاب طالبات کو ڈگری کالج میں بھی جانے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ وزیر تعلیم کے اس  تازہ بیان پر  اس نے خوشی کا اظہار کیا اور توقع ظاہر کی کہ  کل اُن کی کالج میں بھی باحجاب طالبات کو  کلاس میں داخل ہونے کی اجازت ملے گی اور کسی طرح کا کوئی  مسئلہ نہیں ہوگا۔


Share: